سرکاری محکمے کی خواتین کے نام فحش ویب سائٹ پر ڈالنے پر 2 ملازمین گرفتار

July 06, 2022


پروموشن کےجھگڑے پر کراچی کے سرکاری محکمے میں شرمناک فعل دیکھنے میں آیا، دو ملازمین نے 35 خواتین افسروں کے نام فحش ویب سائٹ پر ڈال دیے۔

فحش ویب سائٹ پر نام آنے کے بعد خواتین افسران ٹیلی فون پر ہراسانی سے تنگ آگئیں اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں شکایت درج کروائی۔

شکایت پر ایف آئی اے نے محکمہ سوشل ورک کے اسسٹنٹ سوشل ویلفیئر آفیسر اور جونیئر کلرک کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نے ملزمان کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے سے پیشرفت رپورٹ بھی طلب کرلی۔

ایف آئی اے نے ملزمان کا جسمانی ریمانڈ لےکر تفتیش شروع کردی ہے۔