جمشید روڈ میں شہری کی فائرنگ سے مبینہ ڈاکو ہلاک، اورنگی ٹاؤن میں ڈاکو پر تشدد

July 07, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جمشید کوارٹر میں شہری کی فائرنگ سے ایک مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ اورنگی ٹاؤن میں شہریوں نے ایک ڈکیت کو پکڑ کر بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا ور پولیس کے حوالے کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق جمشید کوارٹر تھانے کی حدودو جمشید روڈ نمبر ایک پٹرول پمپ کے قریب فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص کے ہلاک ہونے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی ۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان مذکورہ مقام پر لوٹ مار کررہے تھے کہ ایک شہری نے ملزموں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک ملزم مارا گیا جبکہ اسکے ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ پولیس کو ملزم کے قبضےسے ایک موبائل فون ملا ہے ۔ پولیس کے مطابق ملزم کی فوری شناخت نہیں ہوسکی ،پولیس کے مطابق اطلاع ملی ہے کہ ملزمان لوٹ مار کر کے فرار ہورہے تھے ، شہری نے تعاقب کے بعد اان پر فائرنگ کردی ، اس حوالے سے پولیس واقعے کی مزید جانچ کررہی ہے ۔پیر آباد تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن فیملی پارک کے قریب ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کرہرہے تھے کہ اس دوران لوگوں نے ایک ڈکیت کو پکڑ لیا جبکہ اسکا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔ پکڑے گئے ملزم عمران ولد گل رحمان کو لوگوں نے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا ۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور ملزم کو تحویل میں لیکر اسے اسپتال منتقل کیا گیا۔