کراچی(اسٹاف رپورٹر)ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے،2 نومولود کی لاشیں ملیں ،تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے ناردرن بائی پاس کٹ کے قریب تیز رفتار مسافرکوسٹر ڈرائیور سے بے قابو ہو کر کھائی میں گرگئی جس کے نتیجے میں مسافر 25 سالہ کاشف ولد اسماعیل جاں بحق اور6 افراد زخمی ہو گئے، پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق اور زخمی افراد میمن گوٹھ کے رہائشی اور شاہ نورانی کے مزار جا رہے تھے، علاوہ ازیں حسن اسکوائر پل پر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 25 برس کا نوجوان جاں بحق ہو گیا، شناخت نہیں ہوسکی، دریں اثنا صدر پارکنگ پلازہ کے قریب ایک اور نومولود بچی ، نارتھ کراچی سیکٹر 51 بی میں کچرا کنڈی سے نومولود بچے کی لاش ملی جسے سہراب گوٹھ ایدھی سرد خانہ منتقل کیا گیا،ایدھی حکام کے مطابق رواں سال مختلف کچرا کنڈیوں،ندی نالوں اور سڑکوں سے اب تک 24 نومولود لاشیں ملی ہیں جن میں 7نومولود بچیاں ہیں۔