مجھے بارہ سال کی محنت کا صلہ ملا ہے، نوح دستگیربٹ

August 06, 2022

برمنگھم(جنگ نیوز)کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی جانب سے پہلا گولڈ میڈل جیتنے والے نوح دستگیر بٹ نے کہا ہے کہ اپنے جذبات بیان نہیں کرسکتا، 7سال سے جیتنے کی کوشش کررہا تھا، پوری قوم نے میری جیت کے لئے دعائیں کیں، اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ کامن ویلتھ گیمز ویٹ لفٹنگ ایونٹ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے کے بعد اپنے ایک انٹرویو میں نوح دستگیر بٹ نے کہا کہ اتنا وزن اٹھانا آسان نہیں ہوتا،12سال کی محنت کے بعد صلہ ملا ہے۔واضح رہے کہ نوح دستگیر بٹ نے مجموعی طور پر 405کلو گرام وزن اٹھاکر گولڈ میڈل جیتا،نیوزی لینڈ کے ڈیوڈ اینڈریو لیٹی 170کلوگرام کے ساتھ دوسرے اور بھارت کے گردیپ سنگھ اور گورڈن شا 167کلو گرام کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔23 سالہ نوجوان نے 4 سال قبل آسٹریلیا کے گولڈ کوسٹ میں کامن ویلتھ گیمز کے گزشتہ ایڈیشن میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا ۔ علاوہ ازیں دولت مشترکہ کھیلوں میں اب تک پہلا سونے کا تمغہ جیتنے پر نوح دستگیر بٹ کومبارکبادکے پیغامات موصول ہورہے ہیں۔ پاکستان کے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستانی ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ کو کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ مستقبل میں بھی نمایاں کارکردگی جاری رکھیں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے نوح دستگیر بٹ کو ان کی اس کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ” ویل ڈن بٹ صاحب ــ”۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بھی پاکستانی ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ کو کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نوح دستگیرنے گولڈ میڈل جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔پنجاب کے وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الہیٰ نے بھی سبز ہلالی پرچم کو وکٹری اسٹینڈ پر لانے پر مبارکباد دی ہے۔