یوکرین تنازع اور بڑھتی مہنگائی، یورپی یونین کے اتحاد کو خطرہ درپیش ہے، فن لینڈ

August 08, 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) فن لینڈ کے صدر سائولی نونیتسو نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین تنازع کی وجہ سے یورپی یونین کی معیشت میں پگھلائو کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ مقامی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ فن لینڈ کے عوام اس امید کے ساتھ زندگی گزارتے ہیں کہ آئندہ سال حالات بہتر ہوں گے، لیکن اب ایسا نہیں لگتا اور یورپی یونین کے اتحاد کے حوالے سے بھی حالات کچھ ایسے ہی ہیں۔ یورپی یونین کے اتحاد کو خطرہ درپیش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہم نے نیٹو کی رکنیت کیلئے درخواست دے رکھی ہے لیکن حالات اُس سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں کہ سب کو اپنی کفالت کیلئے بھی انتظام کرنا ہوگا۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ یوکرین کا تنازع بڑھ سکتا ہے اور اس کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ یاد رہے کہ یورپی یونین میں مہنگائی کی مجموعی شرح بڑھ کر 8.9؍ فیصد تک جا پہنچی ہے جو ایک ریکارڈ ہے۔ بڑھتی مہنگائی کی وجہ تیل اور گیس کی بڑھتی قیمتیں بتائی جا رہی ہیں جس سے نمٹنے کیلئے یورپی یونین نے اگرچہ اپنا اپنا گیس کا استعمال 15؍ فیصد تک کم کرنے کا پلان منظور کیا ہے لیکن پولینڈ اور ہنگری نے قانونی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے اس پلان کو مسترد کر دیا ہے۔ ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربن نے گیس کی راشننگ کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر کہا ہے کہ لگتا ہے کہ یورپی یونین جنگ کے دنوں کی معیشت کی طرف بڑھ رہا ہے، جب تک یوکرین میں امن نہیں ہوگا تب تک ہمارے مسائل حل نہیں ہوں گے، سب کیلئے توانائی (گیس اور بجلی) کا بحران پیدا ہو جائے گا اور یورپی ممالک معاشی جنگ میں داخل ہو جائیں گے۔