روس کی جوابی پابندیاں، پنسل بنانے والی دنیا کی قدیم کمپنی ’’کوہِ نور ہارڈت موتھ‘‘ شدید مشکل میں

August 08, 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) روس کی جانب سے لکڑی کی برآمدات پر پابندی عائد کیے جانے کے نتیجے میں دنیا میں لکھنے کا ساز و سامان اور شاندار پنسل بنانے والی سب سے قدیم کمپنی شدید مشکلات کا شکار ہو گئی ہے۔ چیک ریپبلک کی کمپنی ’’کوہِ نور ہارڈت موتھ‘‘ کو اب اپنےآپریشنز جاری رکھنے کیلئے نئے سپلائرز کی تلاش ہے۔ کمپنی نے قیمتوں میں اضافے کا اشارہ بھی دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، کمپنی کا کہنا ہے کہ روس سے آنے والی لکڑی اب دستیاب نہیں ہوگی، کمپنی یہ مٹیریل چین سے خریدا کرتی تھی اور چین اسے روس سے حاصل کرتا تھا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ تازہ ترین صورتحال کے نتیجے میں کمپنی کو اپنی نامور مصنوعات کی قیمتیں مجبوراً 15؍ سے 20؍ فیصد تک بڑھانا پڑ رہی ہیں۔ قارئین کو بتاتے چلیں کہ کوہِ نور ہارڈت موتھ کمپنی 1790ء میں قائم کی گئی تھی اور اسے لکھنے کا سامان بنانے اور آرٹ سپلائیز کے حوالے سے دنیا کی قدیم کمپنی سمجھا جاتا ہے۔ کمپنی کے پاس چیک ریپبلک میں چار جبکہ بلغاریہ میں ایک فیکٹری ہے۔ کمپنی کی مصنوعات90؍ ممالک کو برآمد کی جاتی ہیں۔ پابندیوں سے قبل، 2021ء تک روس اور کوہِ نور کمپنی کے درمیان ہونے والی تجارت کی سطح 70؍ لاکھ ڈالرز تھی جس میں سے خالص منافع دس لاکھ ڈالرز تھا۔