بھارت، پولیس افسران کو مقابلۂ حسن میں حصہ لینا مہنگا پڑ گیا

August 08, 2022

بھارت میں ہونے والے ایک مقابلۂ حسن میں پولیس افسران کو ریمپ پر واک کرنا مہنگا پڑ گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

ویڈیو میں 5 پولیس افسران کو پولیس افسر کے کردار پر فلمائے گئے ایک گانے پر ریمپ پر واک کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

بھارتی ریاست تامل ناڈو میں ہونے والی اس انوکھی ریمپ واک کا پولیس کے اعلیٰ افسران نے نوٹس لیتے ہوئے ایک سینیئر پولیس افسر سمیت پانچوں افسران کا تبادلہ کر دیا۔

پانچوں افسران کو بیوٹی مقابلوں کے دوران سیکیورٹی کے لیے تعینات کیا گیا تھا جہاں مقابلۂ حسن میں حصہ لینے والے امیدواروں نے ان سے اصرار کیا کہ وہ ریمپ پر واک کریں۔

پولیس افسران کی ڈیوٹی کے دوران ریمپ پر واک کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اعلیٰ افسران نے پانچوں افسران کو سزا دیتے ہوئے ان کا تبادلہ کر دیا ہے۔