کراچی: اسسٹنٹ کمشنر کو دن دہاڑے لوٹ لیا گیا

August 08, 2022

—فائل فوٹو

کراچی کے علاقے بہادر آباد چار مینار چورنگی کے قریب مسلح افراد نے اسسٹنٹ کمشنر فیروز آباد کو دن دہاڑے لوٹ لیا۔

اسسٹنٹ کمشنر فیروز آباد سے مسلح افراد دن دہاڑے موبائل اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے، واقعہ کے وقت خاتون افسر اکیلی تھیں۔

پولیس کے مطابق نیو ٹاؤن تھانے کی حدود میں گزشتہ روز صبح 11 بجے چار مینار چورنگی کے قریب اسسٹنٹ کمشنر فیروز آباد اسماء بتول کو لوٹ مار کا نشانہ بنایا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر اہلِ خانہ کے ہمراہ ناشتہ کرنے آئی تھیں، واپسی پر ملزمان ان سے اسلحے کے زور پر موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت اے سی فیروز آباد کے ساتھ ان کی سیکیورٹی کے لیے پولیس موجود نہیں تھی۔

واقعے کا مقدمہ نیو ٹاؤن تھانے میں اسسٹنٹ کمشنر اسماء بتول کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔