شاہ محمود قریشی کے یوسف رضا گیلانی پر وار

August 08, 2022

سابق وفاقی وزیر و پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے پیپلز پارٹی کے رہنما، سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی پر لفظوں کے وار کیے ہیں۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی اتنی بات کریں جتنی حیثیت ہے۔

سابق وزیرِ خارجہ نے کہا کہ مجھے پیپلز پارٹی میں بے نظیر بھٹو نے شامل کرایا، مجھے ڈھونڈ کر پی پی نے وزارتِ خارجہ دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا ہے کے وہ وقت کے یزیدوں کا مقابلہ کریں گے، اسلام آباد ہائی کورٹ میں استعفوں سے متعلق رٹ پٹیشن دائر کی ہے، ہم نے سب حلقوں سے استعفیٰ دیا، بدھ کو ہماری پٹیشن سنی جائے گی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ 13 اگست کو پریڈ گراؤنڈ میں جگہ نہ ملی تو متبادل جگہ بھی ڈھونڈ رکھی ہے، میں نے دیانت داری سے پارٹی کے مفاد میں بیٹی کو ٹکٹ دیا، خواتین کی حد تک مہر بانو بھی مہم چلائیں گی، حلقے میں موسیٰ گیلانی کے مقابلے کے لیے کوئی اور امیدوار نہیں تھا، عمران خان کے بیانیے کو آگے بڑھانے کے لیے مہر بانو الیکشن لڑ رہی ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اسرائیل کا یہ رویہ رہا تو مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن ممکن نہیں، حیران ہوں ابھی تک بلاول کا اسرائیلی حملے پر کوئی بیان نہیں آیا، مفتاح اسماعیل ایک قدم آگے اور دو قدم پیچھے جاتے ہیں، تاجروں پر بلاوجہ فکسڈ ٹیکس لگایا گیا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف کا واضح مؤقف ہے، ہم شہداء کا احترام کرتے ہیں، جنرل سرفراز کو عمران خان ذاتی طور پر جانتے تھے، ہماری پالیسی واضح ہے کہ فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ زلزلے اور سیلاب میں فوج نے بہترین کردار ادا کیا، مسلم لیگ ن کا ڈس انفارمیشن سیل جھوٹی خبریں پھیلا رہا ہے۔