نوح بٹ، ارشد ندیم، شریف طاہر نے پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کر دیا: وزیر اعظم

August 08, 2022

—فائل فوٹو

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوح بٹ، ارشد ندیم، شریف طاہر نےمجھ سمیت پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کردیا۔

جاری کردہ بیان میں وزیرِ اعظم نے برمنگھم کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹس کی بہترین کارکردگی پر تمام کھلاڑیوں کو قوم کا فخر قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ زمان انور، انعام بٹ، شاہ حسین، علی اسد، عنایت اللّٰہ نے بھی پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان پاکستانی ایتھلیٹس نے اقوامِ عالم میں پاکستان کی عزت میں اضافہ کیا ہے۔

انہوں نے دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ کامن ویلتھ کھیلوں میں شریک دیگر پاکستانی ایتھلیٹس بھی قابلِ تعریف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دیگر ایتھلیٹس بھی محنت اور لگن سے پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہے، حوصلہ مت ہاریں، محنت جاری رکھیں۔

یاد رہے کہکامن ویلتھ گیمز 2022ء میں پاکستان کے 68 ایتھلیٹس نے 12 مختلف کھیلوں میں شرکت کی ہے۔

پاکستان نے مجموعی طور پر 8 میڈلز جیتے ہیں جس میں نوح دستگیر بٹ نے ویٹ لفٹنگ اور ارشد ندیم نے ایتھلیٹکس میں گولڈ میڈل جیتا۔

یہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی 1970ء کے بعد سب سے بہترین پرفارمنس ہے۔