شہباز گل کا مقدمہ کہاں چلایا جائے، سول عدالت یا کورٹ مارشل؟

August 09, 2022

فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما شہباز گل کے خلاف بغاوت کے مقدمے کی سماعت سول عدالت میں یا کورٹ مارشل کیا جائے؟

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے شہباز گل کی گرفتاری کے بعد مقدمے کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے، کیس عدالت میں چلایا جائے؟ اس پر غور کرنا شروع کردیا ہے۔

سابق وزیر اعظم عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کی پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کے بعد اس اہم معاملے پر اعلیٰ حکومتی حلقوں میں مشاورت جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق شہباز گل کا کیس سول عدالت میں لے جایا جائے یا کورٹ مارشل کیا جائے؟ بعض کی رائے ہے کہ پاک فوج کے خلاف بغاوت پر کورٹ مارشل کا یہ فٹ کیس ہے، حکومت عدالت میں اس پر پوزیشن لے سکتی ہے۔

ذرائع نے دعویٰ سے کہا کہ وزارتِ دفاع کی جانب سے بھی اس بات پر اصرار کیے جانے کا امکان ہے کہ شہباز گل کے خلاف بغاوت کا یہ مقدمہ کورٹ مارشل کی قانونی حدود میں آتا ہے۔

حکومتی ذرائع نے شہباز گل کے خلاف مقدمہ کس عدالت میں چلایا جاسکتا ہے؟ کے معاملے پر باضابطہ تصدیق یا تردید کرنے سے انکار کیا ہے۔