لبنانی شہری نے منجمد اکاؤنٹ سے رقم نکلوانے کیلئے بینک عملے کو یرغمال بنالیا

August 11, 2022

لبنان میں ایک مسلح شہری نے بیروت کے ایک بینک میں داخل ہوکر اسٹاف کو یرغمال بنالیا اور دھمکی دی کہ اگر بینک نے فارن کرنسی اکاؤنٹ میں موجود اس کی جمع پونجی اسے نہ دی تو وہ خود سوزی کرلے گا۔

واضح رہے کہ سخت مالی اور اقتصادی بحران کی شکار لبنانی حکومت نے 2019 میں اقتصادی بحران کے باعث غیرملکی کرنسی اکاؤنٹس منجمد کر دیے تھے، جس کی وجہ سے مذکورہ شخص اور اس کے بھائی کے 7 لاکھ 10 ہزار امریکی ڈالر ضبط کرلیے گئے اور اب وہ اپنی غیرملکی کرنسی کو نکلوانے کا تقاضہ کر رہا ہے۔

عرب میڈیا نے سیکیورٹی حکام کے حوالے سے بتایا کہ شارٹ گن سے مسلح اس شخص نے بینک کے 6 سے 7 ملازمین کو یرغمال بنا لیا۔

عرب میڈیا کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بینک کو گھیرے میں لے لیا اور مسلح شخص سے مذاکرات کیے۔

مسلح شخص نے بینک عملے و دیگر افراد کی جانوں کی سلامتی کو ڈالرز کی شکل میں موجود اپنی رقم کی واپسی سےمشروط کردیا۔