بھارتی طالبہ کا پاکستانی کلاس فیلو کیلئے محبت بھرا پیغام

August 12, 2022

فوٹو، لنکڈاِن

ایک بھارتی لڑکی کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپنی پاکستانی کلاس فیلو کے لیے شیئر کیے گئے محبت بھرے پیغام نے صارفین کے دل جیت لیے۔

سنیہا بسواس نامی ایک بھارتی طالبہ نے لنکڈ اِن پر اپنی پاکستانی سہیلی کے ساتھ ’فلیگ ڈے‘ پر ہارورڈ یونیورسٹی میں لی گئی ایک تصویر شیئر کی ہے۔

اس تصویر میں دونوں کو اپنے اپنے ملکوں کے پرچم تھامے مسکراتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔


سنیہا بسواس نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ’میری ملاقات ہارورڈ یونیورسٹی میں ایک پاکستانی لڑکی سے ہوئی اور پھر کچھ ہی عرصے میں اس سے گہری دوستی بھی ہوگئی‘۔

اُنہوں نے بتایا کہ ’ہم دونوں نے چائے، بریانی، بہت سے بزنس ماڈلز اور کئی کیس اسٹڈیز کے دوران اپنے ایک جیسے بیک گراؤنڈ کے بارے میں بہت سی باتیں کیں‘۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ ’میں نے محسوس کیا کہ جہاں آپ کا اپنی انفرادی قوموں کے لیے فخر مضبوط ہے، وہیں لوگوں کے لیے آپ کی محبت جغرافیائی حدود اور سرحدوں سے بالاتر ہے‘۔

خیال رہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کئی سالوں سے تعلقات بہت تلخ ہیں۔

یہاں تک کہ بھارت میں پاکستانی فنکاروں اور کرکٹرز پر جبکہ پاکستان میں بھارتی فلموں کی ریلیز پر پابندی عائد ہے۔

سنیہا بسواس کی جانب سے پاکستان اور بھارت کی آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر دونوں ممالک کے یومِ آزادی کے دن قریب آنے پر اس طرح کے محبت بھرے پیغام کی سوشل میڈیا صارفین بہت تعریف کررہے ہیں۔

اب تک اس پوسٹ کو لنکڈ اِن پر 45 ہزار سے زائد لوگ لائیک کرچکے ہیں۔