یومِ آزادی، پاکستانی فنکار نے بھارتیوں کیلئے تحفہ بھیج دیا

August 16, 2022

خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے فنکار سیال خان نے بھاریتوں کو اُن کے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان سے تحفہ بھیجا ہے۔

پاکستانی فنکار سیال خان اکثر اوقات ہی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے فن کا مظاہرہ کرتے رہتے ہیں۔

سیال خان کی جانب سے آلۂ موسیقی پر بجائی دھنوں کو اُن کے فالوورز بے حد پسند کرتے ہیں۔

اس بار انہوں نے بھارت کے یومِ آزادی کے موقع پر ایک مثبت روایت قائم کرتے ہوئے بھارتیوں کو محبت بھرا پیغام بھیجا ہے۔

کے پی کے ضلع اپر دیر سے سیال خان کی جانب سے بھارتیوں کو اُن کا ترانہ بجا کر یومِ آزادی کی مبارکباد دی گئی ہے۔

سیال خان کا اپنے ٹوئٹ میں لکھنا ہے کہ میں نے ہندوستان کے ترانے کو ہمارے درمیان امن، رواداری اور اچھے تعلقات کے لیے دوستی اور خیر سگالی کے طور پر پیش کیا ہے۔

سیال خان کا کہنا ہے کہ میری جانب سے سرحد پار میرے دیکھنے والوں کے لیے یہ ایک تحفہ ہے۔

دوسری جانب سیال خان کی یہ مثبت اور محبت بھری ویڈیو سرحد پار بھی وائرل ہو گئی ہے جس پر بھاریتوں کی جانب سے جواب میں پاکستانیوں کے لیے محبت بھرے پیغامات شیئر کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سیال خان نے 13 اگست کو بھی قومی ترانہ اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کیا تھا۔