پہلا ون ڈے: پاکستان نے نیدرلینڈز کو 16 رنز سے شکست دیدی

August 16, 2022

فوٹو بشکریہ پی سی بی / ٹوئٹر

پاکستان نے ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو 16 رنز سے شکست دے دی۔

قومی ٹیم کی جانب سے دیے گئے 315 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہوم ٹیم 298 رنز بناسکی۔

روٹرڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

امام الحق کی صورت میں قومی ٹیم کو پہلے نقصان کے بعد فخر زمان اور بابر اعظم نے 168 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر قومی ٹیم کو بڑے ٹوٹل کی جانب گامزن کیا۔

فخر زمان نے اپنے کیریئر کی 7ویں سنچری جبکہ بابر اعظم نے 19ویں نصف سنچری بنائی۔

فخر زمان نے 109 اور بابر اعظم نے 74 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم اختتامی لمحات میں شاداب خان کے ناقابلِ شکست 48 اور آغا سلمان کے 27 رنز کی بدولت قومی ٹیم نے 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنائے۔

نیدرلینڈز کی جانب سے باسڈی لیڈے اور لوگان وین بیک نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں ابتدائی 3 کھلاڑی جلد آؤٹ ہونے کے بعد نیدرلینڈز کے مڈل آرڈر نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ کو آخری اوور تک لے گئے۔

ہوم ٹیم کے وکرم جیت سنگھ اور ٹام کوپر نے 65، 65 جبکہ کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے 71 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے اپنا ڈیبیو کرنے والے نسیم شاہ اور فاسٹ بولر حارث روف نے 3، 3 وکٹیں لیں جبکہ محمد وسیم اور محمد نواز کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

قومی ٹیم کی جانب سے آل راؤنڈرآغا سلمان اور فاسٹ بولر نسیم شاہ آج ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا۔

نسیم شاہ کو شاہین شاہ آفریدی اور آغا سلمان کو بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے ڈیبیو کیپ دی۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان، آغا سلمان، خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد وسیم، حارث رؤف اور نسیم شاہ ٹیم میں شامل تھے۔

قومی ٹیم نے میچ کے لیے بھرپور ٹریننگ کی لیکن بارش کی وجہ سے آخری دن ٹریننگ کچھ متاثر ہوئی۔

ورلڈ کپ سپر لیگ میں پاکستان 90 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے، لیکن سیریز 0-3 سے جیت کر ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرسکتا ہے۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین باقی دو میچز 18 اور 21 اگست کو ہوں گے۔