پاک فوج کیخلاف نفرت انگیز مہم، بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی ملوث نکلے

August 16, 2022


لسبیلہ ہیلی کاپٹر واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مہم میں بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

تحقیقاتی ذرائع کے مطابق سیاسی جماعت پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے پاک فوج کے خلاف مہم چلائی گئی۔

مہم شروع ہونے کے بعد بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی اس مہم میں شامل ہوگئے۔ اب تک کی تحقیقات کے مطابق 17 بھارتی اکاؤنٹس نے پاک فوج کے خلاف سوشل میڈیا مہم میں حصہ لیا۔

تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی میں بھرپور حصہ لیا۔

مہم میں شامل سیاسی جماعت کے کارکنوں کے ویڈیو بیانات پہلے ہی منظر عام پر آچکے ہیں۔

مہم کے پیچھے چھپے دوسرے کرداروں اور ان کے ہینڈلرز تک بھی پہنچا جا رہا ہے۔

ذرائع نے مزید کہا کہ دیکھا جارہا ہے کہ بھارتی اکاؤنٹس کے نام پر کچھ اکاؤنٹس پاکستان سے تو نہیں چل رہے تھے۔