• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ کا ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

سپریم کورٹ آف پاکستان نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کو فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس شاہد وحید سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی، عدالتی آرڈر میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ ایمان مزاری اور ہادی چٹھہ کی سزا معطلی کی درخواستوں کا فیصلہ کرے، ہائی کورٹ کے فیصلے تک معاملہ سپریم کورٹ میں زیرِ التواء رہے گا۔

ایمان مزاری کے وکیل فیصل صدیقی نے عدالت کو بتایا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سزا کی اپیلوں پر صرف نوٹس کیا، 2 ماہ سے زیادہ عرصے سے اپیلوں پر دوبارہ سماعت نہیں ہوئی، اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہمارے لیے کوئی ریلیف نہیں ہے۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ ہائی کورٹ سے آپ کے خلاف کوئی آرڈر نہیں ہے، سزا معطلی کی درخواست ہائی کورٹ نے خارج نہیں کی۔

جسٹس شاہد وحید نے کہا کہ آبزرویشن دے دیتے ہیں 2 ہفتوں میں اپیل کا فیصلہ کر دیں۔

وکیل فیصل صدیقی نے استدعا کی کہ عدالت سزا معطلی کی درخواست پر فیصلے کا حکم دے، اسلام آباد ہائی کورٹ سے کوئی ریلیف نہیں ملا، کہاں جائیں؟

جسٹس نعیم اختر افغان نے استفسار کیا کہ سزا معطل کرنے کے کیا پیرا میٹر ہوتے ہیں؟ سزا معطل کب ہوتی ہے؟ اگر ہائی کورٹ نے سزا معطلی کی درخواست مسترد کی ہوتی تو ہم میرٹ پر جا سکتے تھے۔

قومی خبریں سے مزید