مون سون کی زیادہ بارشوں کا سبب کیا ہے؟

August 17, 2022

فائل فوٹو

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ تین سال کے دوران بحرالکاہل کا درجۂ حرارت معمول سے کم رہ رہا ہے، کم درجۂ حرارت میں لانینا فیز ایکٹو ہوتا ہے جس سے مون سون بارشیں اچھی ہوتی ہیں۔

سردار سرفراز کے مطابق لانینا کے دوران پاکستان، بھارت، بنگلا دیش، جنوب ایشیائی ممالک میں مون سون بارشیں اچھی ہوتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال موسم گرما کا آغاز مارچ سے ہوا اور شدت زیادہ تھی، زائد گرمی بھی مون سون کی شدت کو بڑھا دیتی ہیں۔

چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ حالیہ مون سون سسٹم شدت والا ہے، اس کا 80 فیصد حصہ زمین سے گزرے گا۔

سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مون سون سسٹمز میں 60 فیصد حصہ سمندر اور 40 فیصد حصہ زمین پر ہونے کے باوجود تیز اسپیلز آئے، مون سون کا مرکز راجستھان اور مشرقی سندھ کے قریب ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ نے کہا کہ سسٹم کا مرکز 8 سے 10 گھنٹے کے دوران سندھ پر آسکتا ہے، آج رات اور کل کے دن سندھ میں بارشوں کی شدت زیادہ ہوگی۔

سردار سرفراز نے مزید کہا کہ کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین نواب شاہ، سانگھڑ، دادو، جامشورو میں تیز بارش کا امکان ہے۔