میرا نام ون ڈے کرکٹ سے بنا یہ بکواس ہے، روہت شرما

August 18, 2022

فائل فوٹو

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا ہے کہ میرا نام ہی ون ڈے کرکٹ سے بنا ہے یہ سب فضول کی باتیں ہیں۔

روہت شرما نے ون ڈے کرکٹ کی اہمیت ختم ہونے کی بات کو مسترد کر دیا۔

روہت شرما نے کہا کہ ون ڈے فارمیٹ کی آج بھی اہمیت ہے، لوگ پہلے ٹیسٹ کرکٹ ختم ہونے کے بارے میں بات کر رہے تھے، ان کے لیے کرکٹ اہم ہے پھر چاہے کوئی بھی فارمیٹ ہو۔

بھارتی کپتان نے مزید کہا کہ میں کبھی نہیں کہوں گا کہ ون ڈے، ٹیسٹ یا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ختم ہونے کے قریب ہے، میرے لیے کرکٹ کھیلنا سب سے اہم ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بچپن سے ہی ہم بھارت کی طرف سے کرکٹ کھیلنے کا خواب دیکھتے تھے اور جب بھی میں ون ڈے کھیلتا ہوں، اسٹیڈیم بھرے ہوتے ہیں، کرکٹر کا اپنا انتخاب ہے کہ اس کو کس فارمیٹ میں کھیلنا اور کس میں نہیں، لیکن میرے لیے تینوں فارمیٹ اہم ہیں۔

واضح رہے کہ سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم وسیم اکرم نے کہا تھا کہ میرے خیال میں ون ڈے کرکٹ کو اب انٹرنیشنل کلینڈر سے ختم کر دینا چاہیے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بحیثیت کمنٹیٹر بھی مجھے اب ون ڈے کرکٹ طویل لگتی ہے، ٹی ٹوئنٹی کھیل آسان ہے چار گھنٹے میں کھیل ختم ہوجاتا ہے۔

دوسری جانب ایک انٹرویو میں عثمان خواجہ نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی بڑھتی لیگز ون ڈے کرکٹ کو نچوڑ رہی ہیں جس سے ون ڈے کرکٹ سست موت مر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین اسٹوکس کے ون ڈے کرکٹ کو چھوڑنے پر حیرانگی نہیں ہوئی، ذاتی طور پر غالباً میں بھی ان ون ڈے کرکٹ کے ساتھ نہیں ہوں، میں یہ نہیں کہتا کہ تینوں فارمیٹ کا کرکٹر بننا ممکن نہیں لیکن یہ آسان نہیں ہے۔