بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے تعاون پر شکر گزار ہوں، جسٹس محمد یونس عامر

August 19, 2022

برمنگھم (پ ر) آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ کے جج مسٹر جسٹس محمد یونس عامر جوبرطانیہ آئے ہوئے ہیں، نے محمد سعید مغل ایم بی ای کی رہائش گاہ پر مختلف رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں بیرون ملک تارکین وطن کو دل کی گہرائی سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو اپنے خاندان کی پرورش کے ساتھ اپنے آبائی وطن پاکستان سے مشکل وقت میں بھرپور تعاون کرتے ہیں اور کشمیر کی تحریک آزادی کو بھی اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے محمد سعید مغل ایم بی ای کو بھی خراج تحسین پیش کیا اورکہا کہ وہ پاکستان اور آزاد کشمیر سے آنے والے مہمانوں کی مہمان نوازی اور خلوص سے ان کا استقبال کرتے ہیں، یہ ہمارا اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہاعدالت میں میرے لیے سب برابر ہیں، فیصلے قانون کے مطابق دیئے جاتے ہیں۔ میں نے جواب اللہ تعالیٰ کو دینا ہے، عہدہ آنی جانی چیز ہے، انسان کی بڑائی صرف اس کے کردار سے ہوتی ہے۔ اس موقع پر لندن سے ظہور مغل، ماسٹر عبدالقیوم مغل اور دیگر بھی موجود تھے۔