پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے، طارق وزیر خان

August 19, 2022

مانچسٹر (نمائندہ جنگ) ساتھ ساتھ گروپ کی جانب سے یوم آزادی پاکستان کی تقریب کا انعقاد پہلی بار سٹاک پورٹ ٹاؤن ہال میں کیا گیا۔ تقریب میں گریٹر مانچسٹر کے میئرز،کونسلرز کے علاوہ سیاسی، سماجی شخصیات اور خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بچوں نے پاکستان اور بانی پاکستان کے حوالے سے خطابات کیے، سٹاک پورٹ ٹاؤن ہال میں پہل بار یوم آزادی پاکستان کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، قونصلر جنرل مانچسٹر طارق وزیر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح اوورسیز پاکستانیوں نے جشن آزادی بھرپور انداز میں منایا اسے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ دیکھنے میں آیا ہے کہ ہر سال جوش و جذبہ اور ولولے میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستانیوں کے لیے پیغام ہے کہ اچھے پاکستانی بننے کے ساتھ ساتھ اچھے برطانوی شہری بھی بنیں۔ شیڈو وزیر انصاف افضل خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مانچسٹر میں صبح سے لگاتار تقاریب ہو رہی ہیں، جن میں بچے، خواتین، نوجوان بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ پاکستانی میڈوشپ سے گزارش ہے کہ محنت کریں اور اداروں کو مضبوط کریں تاکہ پاکستان خوشحال ہو۔ ساتھ ساتھ گروپ کے چیئرمین سید اظہر شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم گزشتہ 25 سال سے نوجوانوں میں وطن کی محبت اجاگر کرنے کی کوشش کررہےہیں۔ اس مرتبہ پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی پر اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے شایان شان طریقے سے یوم آزادی منایا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد بچوں میں پاکستان کی ثقافت کو متعارف کروانا ہے۔ سید جاوید شاہ،امجد حسین مغل،عبدالباسط و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی بڑی نعمت ہے ،اللہ پاک کی طرف سے پاکستانی عوام کےلیے بہت بڑا گفٹ ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف مسائل کا شکار ہے لیکن ہم پرامید ہیں کہ ہم اس سے نکل آئیں گے۔ آزادی کے موقع پر اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کو بھی یاد رکھیں۔ اس طرح کے پروگرام ہونے چاہئیں تاکہ نوجوانوں کو پتا چلے کہ آزادی کتنی قربانیوں کے بعد ملی تھی اور الگ وطن حاصل کرنے کے مقاصد کیا تھے۔