الزبتھ دوم کی آخری رسومات پر کتنا خرچہ آیا؟

September 22, 2022

فوٹو: بشکریہ سوشل میڈیا

برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات پیر کے روز ادا کی گئی تھیں، جس میں دنیا بھر سے تقریباً 500 عالمی رہنماؤں کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق الزبتھ دوم کی آخری رسومات پر کتنا خرچہ آیا، اس حوالے سے حتمی لاگت کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی حکومت نے اس تقریب کے حوالے سے صحیح قیمت کے بارے میں اب تک بتایا نہیں ہے۔

اس حوالے سے امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ شاہی سیکیورٹی کے ایک سابق افسر نے بتایا ہے کہ ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات کے دوران صرف سیکیورٹی پر 7.5 ملین ڈالر سے زیادہ لاگت آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ کا یہ سب سے بڑا پولیسنگ آپریشن تھا جو برطانوی پولیسنگ کی جانب سے کیا گیا تھا۔

سابق افسر کا کہنا ہے کہ لندن میں 2012ء کے اولمپکس کی سیکیورٹی پر جتنی لاگت آئی تھی اس سے بھی زیادہ قیمت ملکہ کی آخری رسومات میں لگی ہے۔

واضح رہے کہ ملکہ الزبتھ دوم کی لندن میں سرکاری طور پر آخری رسومات ادا کی گئی تھیں، جس میں دنیا بھر سے 500 سربراہان مملکت اور اہم شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا۔

برطانیہ کی جانب سے روس، افغانستان، میانمار، شام اور شمالی کوریا کے رہنماؤں کو ملکہ کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے مدعو نہیں کیا گیا تھا۔