یورپی کرنسی ڈالر کے مقابلے میں 20 برس کی کم ترین سطح پر

September 24, 2022

برسلز (نیوز ڈیسک) یورپ میں افراط زر کی بڑھتی ہوئی شرح، یوکرینی جنگ اور توانائی و خوراک کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں یورو کی قدر20برس کی کم ترین سطح پرپہنچ گئی ۔ جمعرات کے روز ایک امریکی ڈالر کے مقابلے میں یورو کی قدر 0.9810 ڈالر ہوگئی جوکہ گزشتہ 20 برس کی کم ترین سطح ہے۔ یورو کی قدر میں یہ گراوٹ اس وقت سامنے آئی جب روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین جنگ بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے فوج کو تیار رہنے کا حکم دیا ۔خبررساں اداروں کے مطابق اکتوبر 2002 ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے ڈالر کے مقابلے میں یورو کی قدر میں اتنی گراوٹ آئی ہے۔ یورپی مرکزی بینک (ای سی بی) کو افراط زر کو روکنے کے لیے بہت جدوجہد کرنا پڑ رہی ہے۔ دیگر ترقی یافتہ مغربی معیشتوں کی مرکزی بینکوں کی طرح ای سی بی بھی 2008 ء کے مالیاتی بحران کے بعد سے شرح سود کو مسلسل تقریباً صفر یا اس کے قریب رکھے ہوئے ہے۔ اس کا مقصد اقتصادی ترقی کو فروغ دینا اور افراط زر کی شرح کو تقریباً 2 فیصد کی سطح تک رکھنا تھا۔