سیلابی صورتحال انتہائی گھمبیر، سندھ حکومت تنہا اتنی بڑی آفت کا مقابلہ نہیں کرسکتی، امتیاز شیخ

September 24, 2022

کراچی( اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائےتوانائی امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے عوام کی تکالیف لفظوں میں بیان نہیں کی جاسکتی صورتحال انتہائی گھمبیر ہے سندھ حکومت تنہااتنی بڑی آفت کا مقابلہ نہیں کرسکتی ، کاروباری برادری کو اس سلسلے میں آگے بڑھنا چاہیے یہ بات انہوں نے پاکستان پٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان کی جانب سے شکارپور کے سیلاب زدگان کے لیے دی جانے والی امداد کے موقعہ پر گفتگو کرتے ہوے کہی امتیاز شیخ نے کہا کہ کراچی کے عوام ، تاجروں اور صنعت کاروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو دل کھول کر اپنے مصیبت زدہ بھائیوںکی مدد کررہے ہیں امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ سنا ہے عمران خان نے مبینہ طور پر سیلاب زدگان کے نام پر 13ارب روپے جمع کیے ہیں متاثرین کے نام پر مبینہ فنڈ ایک مرتبہ پھر سیاست پر لگ رہا ہے۔