سپرمارکیٹس اب سستا ترین فیول فروخت نہیں کر رہیں، آر اے سی کی ریسرچ

September 25, 2022

لندن (پی اے) آر اے سی کا کہنا ہے کہ سپر مارکیٹس اب سستا ترین فیول فروخت نہیں کر رہی ہیں۔ آر اے سی کی ریسرچ میں پتہ چلا ہے کہ ویلز میں انڈی پینڈنٹ گیراجوں پر سستے پٹرول کی فروخت کے ذریعے سپر مارکیٹس کو کم کیا جا رہا ہےکیونکہ ڈرائیورز سستے ایندھن کی تلاش میں ہیں۔ آر اے سی کا کہنا ہے کہ انڈی پینڈنٹ گیراج اب ملک کے کچھ حصوں میں فیول کی خریداری کیلئے سستی ترین جگہیں بن رہی ہیں۔ لانیلی میں ایک گیراج کے سٹاف نے بتایا کہ ڈرائیور سستے فیول کی وجہ سے اپنی گاڑیوں کے ٹینک بھروانے کیلئے میلوں دور کا سفر کر کے یہاں آ ر ہے ہیں۔ برٹش ریٹیل کنسورشیم (بی آر سی) کا کہنا ہے کہ حالیہ مہینوں میں ریٹیلرز نے پٹرول کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی ہے۔ تاہم آر اے سی کے اعداد و شمار کے مطابق ویلز میں اگست کے دوران ان لیڈڈ فیول کی قیمت اوسطاً 12.67پنس فی لیٹر گر گئی جبکہ ڈیزل کی قیمت 7.89پنس فی لیٹر گری ہے۔ ویلز میں اگست کے آخر میں ایک لیٹر ان لیڈ کی قیمت اوسطاً 168.27پنس فی لیٹر تھی جبکہ ڈیزل کی قیمت 183.28 فی لیٹر تھی۔ آر اے سی کے راڈ ڈینس کا کہنا ہے کہ زیادہ ڈرائیورز ایندھن کی خریداری کر رہے ہیں کیونکہ وہ بڑھتے ہوئے بلز اور ایندھن کے اخراجات کی وجہ سے پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے آخری بار ویلز میں ڈرائیورز کا سروے کیا تھا تو تقریباً 40 فیصد ڈرائیورز کا کہنا تھا کہ وہ سستے پٹرول سٹیشنز کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔ اب بڑھتے ہوئے مصارف زندگی کے بحران کی وجہ سے ایسا لگتا ہے کہ صورت حال بدل گئی ہے۔ زیادہ لاگت کی وجہ سے ڈرائیورز حساس ہو گئے ہیں اور وہ سستا پٹرول اور ڈیزل تلاش کر رہے ہیں۔ انہوں نے ویلز میں ڈرائیورز پر زور دیا کہ وہ اپنے لوکل پٹرول سٹیشن کے بارے میں معلوم کریں اور اپنے علاقے میں سستا پٹرول تلاش کریں۔ آر اے سی کے مطابق سب سے بڑی سپر مارکیٹس اب گزشتہ ماہ کی کی اوسط پرائس (189.18 پی) کے مقابلے میں صرف 1.62 پی کم چارج کر رہی ہیں جو وہ عام طور پر 3 پی کم آفر کر سکتی ہیں۔ مسٹر راڈ ڈینس نے کہا کہ پٹرول کی قیمتیں خاصی کم نہیں ہوئی ہیں اور اکثر ایسا نہیں ہے کہ سپر مارکیٹس میں سب سے سستا ترین فیول فروخت ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب سپر مارکیٹیں لوگوں کو فورکورٹس پر لانے کے بجائے گروسری سیلز کے بارے میں زیادہ فکر مند نظر آتی ہیں، جس سے انڈی پینڈٹ پٹرول سٹیشنز کو زیادہ موقع فراہم ہوا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ریٹیلرز کو پٹرول پرائسز کم کرنے کیلئے بہت زیادہ کوششیں کرنی چاہئیں کیونکہ ہول سیل پرائسز میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ آرسی اے کا کہنا ہے کہ اگر آپ ڈیزل ڈرائیور ہیں تو آپ دراصل فیول کی مناسب قیمت ادا کر رہے ہیں لیکن پٹرول ڈرائیورز کو خراب ڈیل مل رہی ہے۔