افریقی ملک کانگو میں اغوا کاروں کی انوکھی واردات

September 25, 2022

فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

افریقی ملک جمہوریہ کانگو میں اغوا کاروں نے بھاری تاوان حاصل کرنے کے لیے ایک انوکھی واردات انجام دی ہے۔

خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کانگو میں اغوا کاروں نے بن مانس کے 3 بچوں کو اغوا کر کے بھاری تاوان مانگ لیا۔

اغوا کاروں نے یہ کہہ کر کہ 3 بن مانس ان کی قید میں ہیں، ان کی رہائی کے لیے جانوروں کی پناہ گاہ سے بھاری تاوان کا مطالبہ کر دیا۔

جانوروں کی پناہ گاہ کے عملے نے اسے مذاق سمجھتے ہوئے اغوا کاروں سے بن مانسوں کے قید میں ہونے کا ثبوت مانگا۔

جس کے بعد اغوا کاروں نے اپنی قید میں موجود تینوں بن مانسوں کی ویڈیو بھی بنا کر بھیج دی۔

اس پناہ گاہ کے بانیچنٹیرو نے بتایا ہے کہ اغوا کار 9 ستمبر کی صبح 3 بجے پناہ گاہ میں داخل ہوئے اور بن مانس کے 5 بچوں میں سے 3 کو اغوا کر کے لے گئے۔

چنٹیرو نے بتایا کہ بن مانس کے ان 5 بچوں کو اسی سال ہی ریسکیو کیا گیا تھا۔

اغوا کاروں نےتاوان کی رقم کی ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں بن مانس کے بچوں کو ڈرگز دینے اور نقصان پہچانے کی دھمکی بھی دی ہے۔

چنٹیرو نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورے برِاعظم میں 23 پناہ گاہیں یہ کام کر رہی ہیں، اگر ہم تاوان ادا کرتے ہیں تو مستقبل میں اس طرح کی مزید وارداتوں کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے، اس لیے ہمیں انتہائی چوکس رہنا چاہیے۔