چین نے مشکل وقت میں بھائی کی طرح پاکستان کی مدد کی، چینی وزارت خارجہ

September 27, 2022

ترجمان چینی وزارت خارجہ وانگ وین بن کا کہنا ہے کہ چین نے مشکل وقت میں پاکستان کی حقیقی دوست اور بھائی کی طرح مدد کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال کے بعد سے ہی چین پاکستان کی مدد کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین اب تک 40 کروڑ چینی یوآن کی انسانی امداد پاکستان بھیج چکا ہے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ چین کی سول سوسائٹی بھی پاکستان میں امدادی سرگرمیوں میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلابی متاثرین کی بحالی کے لیے پاکستان کی امداد جاری رکھیں گے، چین اور پاکستان کے درمیان سودمند معاشی اور مالیاتی تعاون رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام بھی پاک چین سودمند تعاون کو اچھی طرح جانتے ہیں۔

چینی ترجمان نے کہا کہ پاک چین تعاون پر بلاوجہ تنقید کے بجائے امریکا پاکستانی عوام کی حقیقی معنوں میں مدد کرے۔

واضح رہے کہ امریکا نے پاکستان کو چین سے قرضوں میں ریلیف لینے کا مشورہ دیا تھا جس پر چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنا ردعمل دیا۔