لزٹرس اوبی آر سربراہ رچرڈ ہیوز سے معاشی صورتحال پر بات کریں گی

October 01, 2022

لندن، لوٹن ( شہزاد علی) وزیراعظم لزٹرس اوبی آرسربراہ رچرڈ ہیوز سے ملاقات کریں گی،اس موقع پر معاشی صورتحال پر بات ہوگی۔وزیر اعظم اگلے ہفتے ایک نئے سیاسی "کلب آف نیشنز" میں دیگر یورپی رہنماؤں سے بھی ملیں گی ۔ رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیراعظم لز ٹرس ملک کے آزاد معاشی پیش گوئی کرنے والے ادارے آفس فار بجٹ ریسپانسیبلٹی (OBR) کے سربراہ رچرڈ ہیوز سے ملاقات کریں گی۔اس ملاقات میں چانسلر کواسی کوارٹینگ بھی شامل ہوں گے۔اس موقع پر گزشتہ ہفتے کے منی بجٹ کے بعد ہونے والےمعاشی امور پر تبادلہ خیالات کیاجائے گا۔نگراں ادارے نے منی بجٹ کے لیے وقت پر پیش گوئی کا مسودہ تیار کرنے کی پیش کش کی لیکن اس پر عمل نہیں کیا گیا۔ اراکین پارلیمنٹ کے ایک گروپ نے اس پیشن گوئی کو "فوری طور پر" جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ٹریژری سلیکٹ کمیٹی نے کہا کہ گزشتہ جمعہ کے اعلانات سے پہلے اس پیش گوئی کی کمی نے "کچھ حصے میں مارکیٹوں میں اعتماد کی کمی کو جنم دیا"۔OBR کے چیئرمین رچرڈ ہیوز سے ملاقات کی خبر اس وقت سامنے آئی جب ایک نئے سروے میں لیبر کو ٹوریز پر 33 فیصد پوائنٹس کی برتری ملی ہے ۔ دریں اثنا وزیر اعظم لز ٹرس نے اگلے ہفتے ایک نئے سیاسی "کلب آف نیشنز" میں دیگر یورپی رہنماؤں سے ملاقات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی تجویز کردہ یورپی سیاسی برادری (EPC) کا افتتاحی سربراہی اجلاس آئندہ جمعرات کو پراگ میں ہوگا۔ باور کیا جاتا ہے کہ وزیراعظم چاہتی ہیں کہ گروپ "ٹاکنگ شاپ" بننے کے بجائے "ڈیلیوری" پر توجہ مرکوز کرے۔