منشیات فروشوں کیخلاف ملتان، رحیم یار خان پولیس کارکردگی ناقص قرار

October 01, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب ڈاکٹر احسان صادق نے منشیات فروشوں کے خلاف مہم میں ناقص کارکردگی پر اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر سی پی او ملتان کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب دفتر میں منشیات فروشوں کے خلاف خصوصی مہم کا ایک ہفتہ مکمل ہونے پر جائزہ لیا گیا تو مہم میں ضلع ملتان اور رحیم یار خان کی کارکردگی بہتر نہیں رہی جس پر ایڈیشنل آئی جی نے سی پی او ملتان خرم شہزاد حیدر اور ڈی پی او رحیم یار خان کو بھی کارکردگی بہتر کرنے کی ہدایت کی، وہاڑی، خانیوال اور ڈی جی خان کے ڈی پی اوز کو بہترین کارکردگی پر شاباش دی گئی جبکہ مظفرگڑھ، بہاولپور اور بہاول نگر کی منشیات کے خلاف مہم میں کارکردگی کو بہترین قرار دیا گیا، ایڈیشنل آئی جی نے آر پی اوز کو 7 اکتوبر تک جاری رہنے والی اس مہم کو کامیاب بنانے اور منشیات کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی، ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر احسان صادق کے حکم پر جنوبی پنجاب میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں کا جائزہ لیا گیا تو ضلع ملتان میں ایک ماہ میں ڈکیتی کی 100 سے زائد وارداتوں پر ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ یہ شرح انتہائی تشویشناک اور افسران کی ناکامی ہے۔