اڈیالہ جیل میں بدعنوانی سے متعلق خفیہ رپورٹ میں اہلکاروں پر سنگین الزامات

October 04, 2022

راولپنڈی (وسیم اختر،نمائندہ جنگ)اڈیالہ جیل میں کرپشن ،بدعنوانی بارے خفیہ رپورٹ منظرعام پرآگئی ،ڈپٹی ڈائریکٹرپروونشل انٹیلی جنس سینٹر حکومت پنجاب کی جانب سے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کو بھیجی گئی رپورٹ میں سنگین الزامات لگائے گئے ہیں۔ رپورٹ میں کہاگیاہے کہ ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ گزشتہ چھ سات ماہ سےجیل فیکٹری کے انچارج تعینات ہیں جن کی نگرانی میں تقریباً 700سزا یافتہ قیدیوں کو روزانہ کی بنیاد پر جیل فیکٹری میں مشقت کے لیے لایا جاتا ہے،لیکن مبینہ طور پرجو قیدی رشوت دیتے ہیں ان سے مشقت نہیں لی جاتی۔ رپورٹ میں کہاگہاہے کہ تقریباً دوسوقیدی فی کس پانچ ہزارروپے رشوت اداکرکے مشقت سے بچ جاتے ہیں جب کہ دیگرقیدیوں سے جیل فیکٹری میں مزدوری کرائی جاتی ہے،اس سے قبل مذکورہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ گجرات جیل میں تعینات تھے جہاں ا نہیں کرپشن اوربدعنوانی کے الزامات پرمعطل کیاگیاتھا، رپورٹ کے مطابق قیدیوں سے رشوت لے کر انہیں جیل ہسپتال میں رکھاجاتاہے اورانہیں سہولیات فراہم کی جاتی ہیں ۔