کابینہ نے آڈیو لیک کی تحقیقات کی منظوری دیدی، عمران کو جوابدہ ہونا پڑے گا، شہباز شریف

October 04, 2022

فوٹو: فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کابینہ نے آڈیو لیک کے انکشافات کی تحقیقات کی منظوری دے دی ہے، عمران خان کو تمام شعوری مجرمانہ حرکتوں کے لیے جوابدہ ہونا پڑے گا۔

برطانوی اخبار دی گارڈین کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عہدہ سنبھالنے پر اندازہ ہوا کہ عمران خان نے کس طرح ملک کو اندرونی و بیرونی طور پر نقصان پہنچایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت شدید معاشی بحران کی لپیٹ میں ہے، پاکستان کو بڑھتی ہوئی مہنگائی، غیر ملکی قرضوں، کرنسی کی قدر میں کمی کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تاریخ کے بدترین سیلاب کی وجہ سے 30 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا۔

اپنے انٹرویو کے دوران انہوں نے آڈیو لیکس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آڈیو لیکس میں عمران خان کو کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ وہ سائفر کے ساتھ کیسے کھیلیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لیک آڈیوز کے مطابق روئے زمین پر عمران خان سب سے بڑا جھوٹا پایا گیا ہے، اقتدار سے ہٹانے پر عمران خان ریلیوں اور تقاریر میں اپنے حامیوں کو مشتعل کر رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان سازشی نظریات دے رہے ہیں، موجودہ حکومت پر بدعنوان ہونے کا الزام لگارہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان آنے والے ہفتوں میں دارالحکومت اسلام آباد مارچ کا منصوبہ بھی بنا رہے ہیں، عمران خان نے معاشرے میں لاتعداد زہر کے ٹیکے لگائے، عمران خان حقائق کو توڑ مروڑ کر نفرت پیدا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے آڈیو لیک کے انکشافات کی تحقیقات کی منظوری دے دی ہے، عمران خان کو تمام شعوری مجرمانہ حرکتوں کے لیے جوابدہ ہونا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے سرگرم عمل ہیں، شدید مالی مشکلات کے باوجود ایف-16 طیاروں کے لیے امریکا کے ساتھ معاہدہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امریکی صدر سے نیویارک میں مختصر ملاقات کی، انہوں نے پاکستان کی حمایت کا وعدہ کیا۔