حیدر آباد، او لیولز کی 14 سالہ طالبہ نے کتاب لکھ دی

October 05, 2022

فائل فوٹو

حیدر آباد میں نجی اسکول کی او لیول کی طالبہ نے عام انسان کے روز مرہ کے مسائل اور مشکلات کا سامنا کرنے کے حوالے سے کتاب لکھ کر سب کو حیران کردیا۔

دسویں کلاس کی 14 سالہ طالبہ جویریہ آصف نے تھرٹی ڈیز آف فیلنگ کے نام سے کتاب لکھی ہے، جوریہ نے کتاب میں انسان کی زندگی میں پیش آنے والے مسائل اور مشکلات کا خود اعتمادی کے ساتھ مقابلہ کرنے کی حکمت عملی اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

جویریہ کی کتاب میں عام انسان کی مینٹل ہیلتھ، ڈپریشن، پرابلمز کو سامنے رکھا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ اگر ڈپریشن میں کوئی آپ کی مدد نہیں کر رہا ہے تو حوصلے کیساتھ خود مقابلہ کرنا چاہیے۔

14 سالہ جویریہ نے اپنی کتاب ایک سال میں مکمل کی جس پر سب ہی اس کی حوصلہ افزائی بھی کر رہے ہیں۔

جویریہ کی تحریر دیکھ کر جہاں کتاب پڑھنے والے قاری اس کی تعریف کررہے ہیں وہیں اسکول کی پرنسپل، ٹیچر اور ساتھی طالبات بھی اس پر فخر کرتی دِکھائی دیتی ہیں۔

جویریہ کی ٹیچر کا کہنا ہے کہ اِس کی یہ کاوش ہمارے لیے قابل فخر ہے آج کل بچے موبائل میں مگن رہتے ہیں اس دور میں کتاب لکھنا کارنامہ ہے۔

ساتھی طالبہ نے کتاب پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ جویریہ کی کتاب سے لوگ دلبرداشتہ ہونے کے بجائے مثبت سوچنے لگیں گے۔

کتاب میں طالبہ نے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرنے اور منفی سوچ کے ساتھ ڈپریشن کا شکار ہونے والوں کو ترغیب دینے کی کوشش کی ہے کہ وہ دوسرے پر انحصار کرنے کے بجائے مثبت سوچ کیساتھ حالات کا مقابلہ کریں تو زندگی آسان اور خوشگوار ہوسکتی ہے۔