بلدیاتی اداروں کو اختیارات منتقل نہ کرنا عوام کی توہین ہے، ارباب عثمان

October 07, 2022

پشاور(نمائندہ خصوصی) اے این پی ضلع پشاور کی آرگنائزنگ کمیٹی کے سینئر وائس چیئرمین پراونشل کمیٹی کے ممبر اور جان دوست ویلفیئر ٹرسٹ کے سربراہ ارباب عثمان خان اور تحصیل کونسل چمکنی پشاور کے چیئرمین ارباب عمر خان نے صوبائی حکومت کی طرف سے دس ماہ گزرنے کے بعد بھی اختیارات منتقل نہ کرنے اور عوام کے منتخب نمائندوں پر بیورو کریسی کو مسلط کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام کی توہین قرار دیا ہے۔ ارباب عثمان خان اورارباب عمر خان نے اپنی رہائش گاہ پر وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے استحکام اور نچلی سطح پر عوام کے مسائل حل کرنے کے سلسلے میں بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانا ضروری ہے لیکن صوبائی حکومت کی طرف سے بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کی بجائے بے اختیار بنا دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی حکومت صوبے کے وسائل صوبے کے عوا م پر خرچ کرنے کی بجائے عمران خان کی انتخابی مہم اور دھرنوں پر خرچ کئے جا رہے ہیں جبکہ عمران نیازی کی طرف سے خیبر پختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر کو گدھا گاڑی کی طرح استعمال کیا جارہا ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی سے خیبر پختونخوا مالی بحران سے دو چار ہو گیا ہے اور عوام کی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں بے روزگاری کے خاتمے کی بجائے لوگوں کو بے روزگار کیا جا رہا ہے۔