امیتابھ بچن کی آواز، تصویر کا استعمال بغیر اجازت نہیں کیا جاسکتا، دہلی ہائیکورٹ

November 25, 2022

فائل فوٹو

دہلی ہائیکورٹ نے بالی ووڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن کی درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ دیا ہے کہ اداکار کا نام، تصویر یا آواز ان کی اجازت کے بغیر استعمال نہیں کی جاسکتی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت اور ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والوں کو امیتابھ بچن سے متعلق مواد ہٹانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جسٹس نوین چاؤلہ نے کہا کہ امیتابھ بچن ان لوگوں سے ناراض ہیں جو بغیر اجازت اپنے سامان اور خدمات کی تشہیر کے لیے ان کا استعمال کر رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق 80 سالہ امیتابھ بچن نے اپنی تصویر، نام اور آواز کے بغیر اجازت استعمال کو روکنے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن نے درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ ٹی شرٹس پر ان کی تصویر لگائی جارہی ہے، کوئی ان کا پوسٹر بیچ رہا ہے اور کسی نے ان کے نام سے ڈومین بھی رجسٹر کرلیا ہے۔

امیتابھ بچن نے عدالت سے کتاب چھاپنے، ٹی شرٹ بیچنے والوں اور دیگر کاروبار کرنے والوں کے خلاف پابندی کے حکم کی بھی استدعا کی تھی۔