پولیو مہم 28 نومبر سے شروع ہوگی، ڈی سی

November 26, 2022

لاہور(خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی کی زیر صدارت انسداد پولیو و ڈینگی مہم پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز ، سی ای او ہیلتھ، ڈی ڈی ایچ اوز ، ایریا انچارجز سمیت دیگر نے شرکت کی۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ پولیو مہم 28 نومبر سے شروع ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ 20 لاکھ پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جانے کا ٹارگٹ پورا کیا جائے گا۔ ڈی سی لاہور محمد علی نے کہا کہ 6500 ٹیمیں پولیو مہم میں حصہ لیں گی۔ ڈی سی لاہور محمد علی نے ہائی رسک یونین کونسلز پر خصوصی فوکس کی ہدایت کی اور کہا کہ کلسٹر اور مائیکرو پلان پر فوکس کیا جائے۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ پولیو ورکرز کی سخت مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے اور پولیو مہم میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہو گی۔