عمران خان نہ پنجاب اسمبلی، نہ ہی کے پی اسمبلی توڑ سکتے ہیں، رانا ثناء اللّٰہ

November 26, 2022

وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ عمران خان نہ پنجاب اسمبلی توڑ سکیں گے نہ ہی کے پی اسمبلی توڑ سکتے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا کہ 20 فیصد لوگ ریکوزیشن جمع کروادیں تو اسمبلی نہیں توڑی جاسکتی۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں متبادل قیادت موجود ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کے پی کی اسمبلی سے پاکستان تحریک انصاف کے لوگ باہر آئے تو وہاں ضمنی الیکشن ہوسکتا ہے۔

عمران خان کا تمام اسمبلیوں سے استعفے دینے کا فیصلہ

واضح رہے کہ عمران خان نے ملک کی تمام اسمبلیوں سے استعفے دینے اور اسلام آباد نہ جانے کا فیصلہ کر لیا۔

راولپنڈی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ فیصلہ کیا ہے کہ اس نظام میں نہیں رہنا، ہم ساری اسمبلیوں سے نکلنے لگے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سے بات کی ہے پارلیمانی کمیٹی سے بات کر رہا ہوں، بجائے توڑ پھوڑ کریں اس سے بہتر ہے کہ اس نظام سے باہر نکلیں، فیصلہ کریں گے کس دن ہم ساری اسمبلیوں سے باہر نکلیں۔