عاصم منیر اور ساحر شمشاد کی تعیناتی خوش آئند ہے، رب نواز اختر

November 28, 2022

ہیلی فیکس(نمائندہ جنگ) پاک کشمیر آرٹ سوسائٹی برطانیہ کے چیئرمین الحاج رب نواز اختر نے کہا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو چیف آف آرمی اسٹاف اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف مقرر کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے جس سے پاک آرمی مضبوط تر ہو گی ،تاریخ میں لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر پاکستان میں پہلی بار حافظ قران آرمی چیف ہوں گے، ہم لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر اور ساحر شمشاد مرزا کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔الحاج رب نواز اختر نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر جیسے تجربہ کار اور محب وطن آرمی چیف کی تعیناتی سے ایک نئے اور خوبصورت دور کا آغاز ہوگا نو تعینات آرمی چیف خطے میں امن و امان کی صورتحال کی بہتری مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے میں اہم کردار ادا کریں گے، ہم توقع کرتے ہیں کہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر ماضی کے حالات پر گہری نظر رکھتے ہوئے فوج کو سیاست سے دور رکھیں گے۔ رب نواز اختر نے کہا کہ دفاعی اور معاشی لحاظ سے مضبوط پاکستان ہم سب کا خواب ہے جس کی تعبیر جلد دیکھنا چاہتے ہیں ہمیں افسوس ہے کہ آرمی چیف جیسے اہم ترین عہدے کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی، ہم اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اوورسیز پاکستانی نو تعینات آرمی چیف لیفٹینٹ جنرل عاصم منیر کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتے ہیں اور اس توقع کا اظہار کرتے ہیں کہ ان کی قیادت میں پاک فوج مضبوط تر ہو گی اور پاک فوج کا مورال بلند ہوگا وقت آ گیا ہے کہ ملک کے تمام مقتدر حلقوں کو پاکستان کی خاطر ایک پیج پر آنا ہوگا۔ ماضی کی غلطیاں دہرانے والی قوم کبھی ترقی نہیں کرتی ماضی سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہوگا دشمن کی ہر سازش کو باہمی اتحاد و تعاون سے ناکام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مضبوط پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہوسکتا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اپنے اختلافات بالائے طاق رکھ کر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں۔