بابر جیسے بیٹر کو روکنے کیلئے کافی اچھا کھیلنا پڑے گا، جو روٹ

November 30, 2022

جو روٹ - فوٹو: جنگ

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر جو روٹ نے کہا ہے کہبابر اعظم کا بہترین کھیل ابھی آنا باقی ہے، بابر جیسے بیٹر کو روکنے کے لیے کافی اچھا کھیلنا پڑے گا۔

جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق انگلش کپتان نے ٹیم کے کھلاڑیوں کی صحت، پاکستان میں آنے پر اپنے تاثرات اور پاکستان ٹیم کی صلاحیتوں پر گفتگو کی۔

اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کی صحت سے متعلق جو روٹ کا کہنا تھا کہ ٹیم کے کھلاڑی وائرس کا شکار ہیں، یہ کسی کے ساتھ کسی بھی جگہ ہوسکتا ہے۔

جو روٹ نے کہا کہ میں بھی ایک روز قبل بہتر محسوس نہیں کر رہا تھا، امید ہے 24 گھنٹوں میں ٹیم بہتر ہوجائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ 17 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی ٹیم کا حصہ بننے پر فخر ہے۔

انہوں نے پاکستان ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم کے پاس ہر شعبے میں بہترین پلیئرز ہیں، امید ہے سیریز میں اچھی کرکٹ ہوگی۔

جو روٹ کا کہنا تھا کہ ہم اس انداز میں ہی کھیلیں گے جس انداز میں کھیلتے آئے ہیں، کوشش کریں گے کہ ایسی کرکٹ کھیلیں کہ فینز انجوائے کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہر کسی کا ٹیسٹ کرکٹ کے بارے میں اپنا انداز ہے، میں اس انداز کو انجوائے کر رہا ہوں۔

دور حاضر کے دنیا کے صف اول کے بیٹرز میں سے ایک جو روٹ کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان کے لیے بہت زبردست پرفارمنس دی، شاہین کا نہ ہونا ہمارے لیے اچھا ہوگا لیکن پاکستان کے دیگر پلیئرز بھی اچھے ہیں۔

انگلش کرکٹر نے کہا کہ حارث رؤف کو کاؤنٹی میں دیکھا تھا، وہ زبردست بولر ہیں، اندازہ ہے کہ پاکستان کے پاس بولنگ میں کافی گہرائی ہے۔

جو روٹ کا کہنا تھا کہ بابر اعظم نے تسلسل سے ہر فارمیٹ میں پرفارم کیا ہے۔