سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے دہشتگردوں کو پکڑ لیں گے: وزیرِ داخلہ بلوچستان

December 01, 2022

وزیرِ داخلہ بلوچستان ضیاء اللّٰہ لانگو کا کہنا ہے کہ بلیلی دھماکے کی تفتیش شروع ہو چکی ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے دہشت گردوں کے ٹھکانے تک پہنچیں گے۔

کوئٹہ سے جاری کیے گئے بیان میں وزیرِ داخلہ بلوچستان ضیاء اللّٰہ لانگو نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو جلد پکڑ لیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ پولیو ورکرز اور مہم کے خلاف دہشت گرد سرگرمِ عمل ہیں، پولیو ورکرز کی سیکیورٹی مزید سخت کریں گے۔

میر ضیاء اللّٰہ لانگو نے مزید کہا ہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ میں ہونے والی دہشت گردی میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو جلد گرفتار کر لیں گے۔

بلوچستان کے وزیرِ داخلہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ دہشت گردی کے واقعے کے بعد شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں، تحقیقات جاری ہیں۔

بلیلی میں خودکش حملہ

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلیلی میں پولیس کے ٹرک پر خودکش حملے میں 4 افراد جاں بحق اور 23 اہلکاروں سمیت 27 افراد زخمی ہوئے تھے۔

بلیلی دھماکے کے زخمی 9 اہلکاروں سمیت 11 افراد سول اسپتال کے ٹراما سینٹر میں زیرِعلاج ہیں۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق بلیلی دھماکے کے 16 زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی کوئٹہ کے مطابق اہلکاروں کو پولیو ڈیوٹی پر لے جانے والے پولیس کے ٹرک سے خودکش حملہ آور نے بارود سے بھرا رکشہ ٹکرا دیا تھا، خود کش بمبار کی لاش قریب سے ملی تھی۔