الیکشن نہیں کروائیں گے تو ہم پنجاب اور کے پی میں الیکشن کروالیں گے، فواد چوہدری

December 02, 2022

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت انتخابات کا اعلان کرے اور ہمارے ساتھ انتخابی اصلاحات پر بیٹھے، آپ کے پاس آپشن ہے، آپ ہمارے ساتھ مل کر الیکشن کروالیں، الیکشن نہیں کروائیں گے تو ہم پنجاب اور کے پی کے میں الیکشن کروالیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پنجاب کی ہماری پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا ہے، پارلیمانی پارٹی نے عمران خان کے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کے فیصلے کی توثیق کردی، خیبر پختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کل عمران خان سے ملے گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے گزشتہ روز عمران خان سے ملاقات کی، پرویز الہٰی نے عمران خان کو پنجاب اسمبلی توڑنے کا اختیار دیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مذاکرات کیلئے ہمارے نکات بڑے واضح ہیں، پورا پاکستان سیاسی عدم استحکام سے نکلنا چاہتا ہے، پاکستان اس وقت ایک بہت بڑے معاشی بحران کا شکار ہے، چین، سعودی عرب اور یو اے ای جیسے ہمارے دوست ممالک بھی الجھن کا شکار ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورت حال کا انتخابات کے علاوہ کوئی حل نہیں، عمران نے کہا ہے کہ یہ الیکشن نہیں کروانا چاہتے تو مسئلے کا حل بتائیں۔