جمائما اور سجل میں محبت بھری ٹوئٹس کا تبادلہ

December 05, 2022

فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کی سابقہ اہلیہ، پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ نے اپنی فلم ’واٹس لَو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کی ہیروئن، پاکستانی اداکارہ سجل علی سے محبت کا اظہار کیا ہے۔

جمائما گولڈ اسمتھ نے سجل علی کی ایک مختصر سی ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کی ہے۔

اس ویڈیو میں سجل علی جمائما کی تعریف سمیت فلم میں دکھائے جانے والی پاکستانی ثقافت سے متعلق بات کر رہی ہیں۔

جمائما کا اپنی اس ٹوئٹ کے کیپشن میں لکھنا ہے کہ میں سجل علی سے پیار کرتی ہوں، مجھ سے انتظار نہیں ہو رہا ہے کہ کب عوام سجل علی کو ہماری فلم میں دیکھ سکیں گے۔

دوسری جانب جمائما کی یہ ٹوئٹ سجل علی کی جانب سے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ہے۔

اس ٹوئٹ میں سجل علی کا کہنا ہے کہ مجھ سے بھی انتظار نہیں ہو رہا کہ کب میمونہ کے سفر کو سب کے ساتھ شیئر کیا جائے گا، میں بھی آپ سے پیار کرتی ہوں جمائما۔

واضح رہے کہ فلم ’واٹس لَو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ میں لِلی جیمز، شہزاد لطیف، شبانہ اعظمی، سجل علی، عاصم چوہدری اور ایما تھامسن مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔

جمائما کی یہ فلم آئندہ سال 27 جنوری 2023ء کو ریلیز کی جائے گی۔