لاہور: اسموگ میں کمی کیلئے ماحولیاتی ایمرجنسی نافذ

December 06, 2022

فائل فوٹو

وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے لاہور اور دیگر شہروں میں اسموگ میں کمی کیلئے ماحولیاتی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

وزیر اعلی پنجاب نے اپنے جاری کردہ بیان میں اسموگ کو آفت قرار دیتے ہوئے پنجاب بھر میں فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر پابندی عائد کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ تحفظ ماحول، ٹرانسپورٹ، انڈسٹریز اور انتظامیہ کے افسران فیلڈ میں خود جائیں اور اسموگ کا سبب بننے والے عوامل پر قابو پانے کیلئے کارروائی عمل میں لائیں۔

وزیر اعلی پنجاب کا کہنا ہے کہ اسموگ میں کمی کیلئے جاری ایس او پیز پر عملدر آمد میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے والے افراد کیخلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دھواں دینے والی گاڑیوں کے خلاف بلاتفریق قانونی کارروائی جاری رکھی جائے۔ اینٹی اسموگ اسکواڈ شہر میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو باقاعدگی سے چیک کرے۔ اینٹوں کے تمام بھٹوں کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی یقینی بنائی جائے۔

واضح رہے کہ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور مسلسل آج بھی پہلے نمبر پر موجود ہے، جس کے باعث بچوں اور بڑوں میں نزلے، زکام، چیسٹ انفیکیشن، بخار اور سانس کی بیماریاں تیزی سے پھیلنے لگیں۔