کراچی، مغوی شیر خوار بچی کے مبینہ اغوا کا ڈراپ سین

December 07, 2022

کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں 11 دن کی بچی کے مبینہ اغوا کا ڈراپ سین ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچی اغوا ہوئی ہی نہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق خاتون کے یہاں کبھی بچی کی پیدائش ہی نہیں ہوئی، خاتون اپنی سہیلی کی بچی کو گھر لائی تھی۔

خاتون نے چند دن بچی کو اپنے پاس رکھا اور پھر خاتون نے والدہ کے ہمراہ بچی کو جنگل اسکول کے قریب سہیلی کو واپس کردی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے خاتون اور اس کی والدہ کا ویڈیو بیان حاصل کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق خاتون کا شوہر اپنی دوسری بیوی کے ساتھ رہتا ہے، لگتا ہے کہ خاتون نے شوہر کی توجہ حاصل کرنے کےلیے جھوٹ بولا۔

دوسری جانب خاتون کی والدہ کا پولیس کو دیا گیا بیان بھی سامنے آگیا، جس میں اس نے موقف اختیار کیا کہ بچی میری بیٹی کی نہیں کس اور کی ہے۔

خاتون کی والدہ نے بتایا کہ بیٹی نے کہا کہ ہم اس بچی کو اپنے پاس رکھتے ہیں، جس پر اسے منع کیا اور کہا کہ ہم کسی اور کی بچی کو نہیں پالیں گے۔

ویڈیو بیان میں مزید بتایا کہ بچی کی اصل ماں نے میری بیٹی کو بچی واپس کرنے کا کہا تو بیٹی کے ساتھ جنگل اسکول بچی واپس کرنے گئی تھی۔ بیٹی کے ساتھ جاکر وہ بچی اس کی اصل ماں کو واپس کی۔