ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنادی گئی

December 07, 2022

فائل فوٹو

آئی جی اسلام آباد نے صحافی ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی۔

اس حوالے سے جاری ہونے والےنوٹی فکیشن کے مطابق 5 رکنی جے آئی ٹی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کرے گی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر کو جے آئی ٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔

جے آئی ٹی میں ایس پی صدر، ایس ایچ او رمنا اور تفتیشی آفیسر شامل ہوں گے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق جے آئی ٹی کا پانچواں ممبر آئی جی اسلام آباد کی صوابدید پر کوئی بھی آفیسر ہوسکے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستانی صحافی ارشد شریف کے کینیا میں قتل پر از خود نوٹس کیس کی سماعت کرتے ہوئے واقعے کی ایف آئی آر گزشتہ رات تک درج کرنے کا حکم دیا تھا۔

یاد رہے کہ کینیا میں صحافی ارشد شریف کو 22 اور 23 اکتوبر کی درمیانی شب گاڑی میں جاتے ہوئے کینین پولیس نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔