برطانیہ: شاہ چارلس کا نو تعمیر شدہ گردوارے کا دورہ

December 07, 2022

برطانیہ کے شاہ چارلس نے لندن سے باہر علاقے لُٹن میں نو تعمیر شدہ گردوارے کا دورہ کیا اور سکھ برادری کے افراد سے ملاقات کی۔

گردوارے آمد پر شاہ چارلس نے اپنے سر کو رومال سے ڈھکا ہوا تھا جو سکھ مذہبی روایات میں سے ایک ہے۔

شاہی خاندان کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے شاہ چارلس کے دورے کی تصاویر شیئر کی گئیں۔

انہوں نے ایک سکھ سوپ کچن اسٹینڈ کے منتظمین سے ملاقات کی، گردوارے پر موجود اس اسٹینڈ سے سارا سال سبزی سے بنے کھانے فراہم کیے جاتے ہیں۔

شاہ چارلس نے سکھ برادری کو کورونا وبا کے دوران بہترین خدمات انجام دینے پر سراہا۔

گردوارے کی طرف سے ایک کورونا ویکسین کلینک قائم کیا گیا تھا جو برطانیہ میں اپنی نوعیت کا پہلا کلینک تھا۔

خیال رہے کہ برطانیہ میں 5 لاکھ سکھ رہتے ہیں، برطانیہ کی پارلیمان میں بھی کئی سکھ ارکان شامل ہیں۔