اسٹاک مارکیٹ، منتخب خریداری سے تیزی، 489 پوائنٹس کا اضافہ

January 19, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج ،مالیاتی اداروں اور مقامی سرمایہ کاروں کی منتخب خریداری سے مارکیٹ میں تیزی کا رحجان، کے ایس ای100انڈیکس میں 489پوائنٹس کا اضافہ ،58.97فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی ، سرمایہ کاری مالیت میں 35ارب 34کروڑ 57 لاکھ روپے کا اضافہ، تاہم کاروباری حجم میں25.65 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ، تفصیلات کے مطابق منگل کی بڑی مندی کے بعد بدھ کو کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہواجس کی وجہ سے 100انڈیکس 85 پوائنٹس تک کم ہو گیا لیکن جلد ہی بڑے مالیاتی ادارے اور مقامی سرمایہ کار سرگرم ہوئے جس سے مارکیٹ میں جاری منفی رحجان مثبت میں بدل گیا ،دوسرے سیشن میں گورنر اسٹیٹ بینک کا یہ بیان سامنے آگیا کہ جلد ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ جائیں گے ،گورنر کے اس بیان کے بعد خریداری میں مزید بڑھ گئی اور ایک موقع پر 100انڈیکس 603پوائنٹس تک پلس میں چلا گیا تاہم اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 448.88پوائنٹس کے اضافے سے 38791.09پوائنٹس پر آکر بند ہو گیا ،کے ایس ای 30انڈیکس بھی 267.40 فیصد کے اضافے سے 14347.87پوائنٹس ہو گیا اور آل شیئرز انڈیکس 151.13پوائنٹس کے اضافے سے 26142.78پوائنٹس پر آگیا ، مارکیٹ میں مجموعی طور پر مارکیٹ میں312کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، 184کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ، 109کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی اور 19کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی ،مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 35ارب 34کروڑ 57لاکھ 85ہزار روپے کے اضافے سے 6169ارب 73 کروڑ ایک لاکھ 41ہزار روپے ہو گیا، تاہم منتخب اور محدود خریداری سے کاروباری حجم منگل کی نسبت 5کروڑ 28 لاکھ 16ہزار شیئرز کی کمی سے15کروڑ 30لاکھ 90ہزار شیئرز ریکارڈ کیا گیا۔