فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کے اہم کردار کو متاثر کرنیوالے شہری کا مودی سے اہم مطالبہ

January 23, 2023

سونم وانگچک، فوٹو اسکرین گریب

لداخ سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکن سونم وانگچک جن کی زندگی سے متاثر ہوکر بھارتی فلم ’تھری ایڈیٹس‘ بنائی گئی، اُنہوںنے بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ایک اہم مطالبہ کیا ہے۔

سونم وانگچک کی شخصیت نے عامر خان کی 2009ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کے کردار پوشتک وینگڑو یعنی ریچھوڑ داس کے افسانوی کردار کو متاثر کیا۔

سونم وانگچک نےویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر ’آل اِز ناٹ ویل اِن لداخ‘ کے عنوان سے ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔

اُنہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں اس بات پر زور دیا ہے کہ اگر اسی طرح لاپرواہی جاری رہی اور لداخ کو زہریلی گیسوں کا اخراج کرنے والی صنعتوں سے تحفظ فراہم کرنے سے گریز کیا گیا تو یہاں کے گلیشیئرز پگھل جائیں گے، اس طرح بھارت اور اس کے پڑوس میں پانی کی کمی کی وجہ سے بہت زیادہ مسائل پیدا ہوں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ صرف امریکا اور یورپ کی وجہ سےبڑھنے والی گلوبل وارمنگ اس موسمیاتی تبدیلی کی ذمہ دار نہیں ہے بلکہ مقامی آلودگی بھی اس برابر کے ذمہ دار ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ لداخ جیسے علاقوں میں انسانی سرگرمیاں کم سے کم ہونی چاہئیں تاکہ گلیشیئرز یہاں کے مقامی لوگوں کے لیے اور پورے ملک میں برقرار رہ سکیں۔

سونم وانگچک نے پائیدار ترقی کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئےنریندر مودی سے اپیل کی کہ وہ لداخ اور دیگر ہمالیائی خطّوں کا صنعتی استحصال سے تحفظ یقینی بنائیں۔

انہوں نے بچوں سے بھی اپیل کی کہ وہ کھانے اور کپڑوں کو ضائع کرنے سے گریز کریں کیونکہ اس سے تکنیکی طور پر ماحول کو نقصان پہنچتا ہے۔

اُنہوں نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ری پبلک ڈے پر اپنا یہ پیغام مودی اور عوام تک پہنچانےکے لیے لداخ کے ضلع کھرڈونگلا پاس جہاں پر درجہ حرارت منفی 40 ڈگری ہے وہاں پر پانچ روزہ ہڑتال پر بیٹھیں گے۔

سونم وانگچک جوکہ 1966ء میں پیدا ہوئے پیشے سے مکینیکل انجینئر اور ہمالیائی انسٹی ٹیوٹ آف الٹرنیٹیو، لداخ (HIAL) کے ڈائریکٹر ہیں اور2018ء میں میگسیسے ایوارڈ بھی حاصل کرچکے ہیں۔