صومالیہ: امریکی فوج کی کارروائی، داعش کا اہم کمانڈر بلال السوڈانی ہلاک

January 28, 2023

داعش کمانڈر بلال السوڈانی

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ صدر بائیڈن کی طرف سے منظور کردہ فوجی کارروائی کے دوران صومالیہ میں داعش کا اہم رہنما بلال السوڈانی مارا گیا۔

امریکا کے فوجی دستے شمالی صومالیہ کے پہاڑ میں واقع غار پر داعش رہنما کو گرفتار کرنے کیلئے گئے تھے۔

بلال السوڈانی اپنے 10 ساتھیوں سمیت فائرنگ کے نتیجے میں مارا گیا۔

سیکریٹری دفاع لائڈ آسٹن نے بیان میں کہا کہ صدر سے حکم ملنے کے بعد 25 جنوری کو امریکی فوج نے شمالی صومالیہ میں ایک کارروائی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ کارروائی کے نتیجے میں متعدد داعش جنگجو بشمول بلال السوڈانی مارے گئے۔

سیکریٹری دفاع نے بتایا کہ بلال افریقا میں داعش کی بڑھتی موجودگی اور دنیا بھر بشمول افغانستان میں تنظیم کے آپریشنز کیلئے معالی معاونت کا ذمہ دار تھا۔

صومالیہ کے اس پہاڑی بنکر سے داعش رہنما نے نا صرف افریقا بلکہ داعش خراسان کیلئے بھی وسائل فراہم کیے۔