داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی اور اسکل ڈیولپمنٹ یونیورسٹی کے وی سیز کے لئے انٹرویوز آج ہوں گے

January 31, 2023

کراچی( سید محمد عسکری) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور اسکل ڈیولپمنٹ یونیورسٹی خیرپور کے وائس چانسلر کے عہدوں کے لیے انٹرویو منگل 31 جنوری کو ہوں گے چئیرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق رفیع انٹرویو اجلاس کی صدارت کریں گے۔دونوں جامعات کے لیے 23 سے زائد امیدواروں نے درخواستیں دی ہیں۔ داؤد یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض عباسی کی دوسری مدت گزشتہ سال جون میں مکمل ہوگئ تھی جس کے بعد تلاش کمیٹی نے میرٹ کی بنیاد پر تین امیدواروں کا انتخاب کیا تھا جن میں پہلا نمبر ڈاکٹر اسلم عقیلی کا تھا تاہم وزیر اعلی سندھ نے ان کی سمری منظور نہیں کی اور ڈاکٹر فیض عباسی کو قائم مقام وائس چانسلر مقرر برقرار رکھا گیا جو تاحال اسی عہدے پر کام کررہے ہیں۔ لیکن ڈاکٹر فیض عباسی اور سکریٹری بورڈز و جامعات مرید راحموں کے درمیان اختلافات چل رہے ہیں۔ اسکل ڈویلپمینٹ یونیورسٹی خیرپور میں وائس چانسلر ڈاکٹر مدد علی شاہ کی پہلی مدت گزشتہ برس مکمل ہوگئی تاہم ان کو دوسری مدت نہیں دی گئی اور شاہ لطیف یونیورسٹی سے نور محمد شیخ کو قائم مقام وی سی مقرر کردیا تھا۔ سیکریٹری بورڈز و جامعات مرید راحموں کے قریبی زرائع کے مطابق جن امیدواروں کو انٹرویو کے لئے بلایا گیا ہے ان میں مدد علی شاہ، ثمرین حسین، آصف شیخ، غوث بخش ناریجو ،ڈاکڑ رفیق، خان محمد بروہی، عبدالوحید، زاہد کھنڈ، انیل کمار، زاہد ابڑو، نور محمد شیخ، غلام علی ملاح، ڈاکٹر مسرور شیخ، سکندر عباسی، عطااللہ خواجہ، رسول بخش مہر، اربیلہ بھٹو، عثمان کہریو، خان جی ، سلیم سموں اور دیگر شامل ہیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ این ای ڈی سے تعلق رکھنے والے ایک امیدوار سیکریٹری کالجز اور تلاش کمیٹی کے مستقل رکن احمد بخش ناریجو کے بھائی ہیں۔