کرینہ کپور کیٹ ونسلیٹ کے کس کردار سے متاثر ہوئیں؟

January 31, 2023

فائل فوٹو

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور خان نے ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ کیٹ ونسلیٹ کے ایک مشہور کردار سے متاثر ہوکر فلمساز ہنسل مہتا کی نئی آنے والی فلم میں کام کرنے کا فیصلہ کیا۔

کرینہ کپور نے اپنی نئی فلم جس کا نام ممکنہ طور پر ’بکنگھم مرڈرز‘ہوگا، اس فلم میں کام کرنے کے لیےوہ کیٹ ونسلیٹ کی مشہور سیریز ’میئر آف ایسٹ ٹاؤن‘میں ادا کیے گئےجاسوس کے کردار سے متاثر ہوئیں۔

اُنہوں نے مشہور جریدے ورائٹی کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ میں ہنسل مہتا کے نئے آنے والے پراجیکٹ میں ایک ماں اور جاسوس کا کردار ادا کر رہی ہوں گی جسے بکنگھم شائر کے ایک چھوٹے سے قصبے میں ہونے والے ایک قتل کیس کی تفتیش کرنی ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ مجھے سیریز ’میئر آف ایسٹ ٹاؤن‘ بہت پسند ہے اور جب ہنسل مہتا میرے پاس آئے تو میں نے اُنہیں بتایا کہ میں اس طرح کا کردار ادا کرنا چاہتی ہوں لہٰذا، ہم نےنئے پراجیکٹ میں کیٹ ونسلیٹ کے جاسوس پولیس اہلکار سے ملتا جلتا کردار شامل کیا اور میں پہلی بار اس طرح کا پراجیکٹ کر رہی ہوں۔

یاد رہے کہ کیٹ ونسلیٹ نےسیریز ’میئر آف ایسٹ ٹاؤن‘ میں بطورجاسوس میئر شیہان مرکزی کردار میں اپنی شاندار کارکردگی کے لیے ’آؤٹ اسٹینڈنگ لیڈ ایکٹریس‘ ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا ہے۔

آج کل کرینہ کپور خان کئی پروجیکٹس پر کام کر رہی ہیں، ان کی اگلی فلم سوجوئے گھوش کی ہدایتکاری میں بننے والی تھرلر فلم ہے جس کی کہانی کتاب ’دی ڈیووشن آف سسپیکٹ ایکس‘ سے اخذ کی گئی ہے۔

اداکارہ کے آنے والے نئے پراجیکٹس میں کامیڈی فلم دی کریو بھی شامل ہے جس میں ان کے ہمراہ اداکارہ تبو اور کریتی سینن بھی اداکاری کے جوہر دِکھاتی نظر آئیں گی۔